تاریخ کی بُلند ترین مہنگائی

March 20, 2023

ملک میں اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لینے والے حساس پرائس انڈیکس (ایس پی آئی) کے مطابق مختصر مدتی مہنگائی ،سال بہ سال کی بنیاد پر 16 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث، تاریخ کی بُلند ترین سطح45.64فیصد پر پہنچ گئی۔ پاکستان ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے مطابق ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0.96فیصد اضافہ ہوا۔زیادہ تر اشیائے خورونوش مہنگی ہوئیں ۔حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت سخت اقدامات کررہی ہے جس کے نتیجے میں آنے والے مہینوں میں معاشی نمو سست اورمہنگائی بڑھ سکتی ہے۔یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ ابتدائے آفرینش سے انسان کا اولین مسئلہ بھوک رہی ہے ،اب بھی ہے اور ہنیشہ رہے گی ۔یہ بھوک مٹانے کیلئے انسان اپنے تئیں کوششیں کرتا آیا ہے لیکن جب اس کی سبیل نہ ہو تو پھرانسان مذہبی تعلیمات تو کیا اخلاقی اور انسانی اقدار تک کو فراموش کرا جاتا ہے ۔معاشرہ چھینا جھپٹی اور دیگر اخلاقی جرائم کی راہ پر چل نکلتا ہے ،جس کا انجام خانہ جنگی تک جا پہنچتا ہے۔عالمی سطح پر گرانی،ڈالر کا بے قابو ہونا اور آئی ایم کی سخت ترین شرائط پر عملدرامد کے بعد وطن عزیز میں مہنگائی کسی آ سیب کی طرح پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے اور افسوس کہ جن کا اولین فریضہ عوام کو آسودگی و راحت بہم پہنچانا ہے آپس میں برسر پیکار ہیں ،انکی کسی حکمت عملی میں عوام دکھائی نہیں دیتے۔شاید وہ یہ بھول چکے ہیں کہ خودکشیاں کرتے عوام اگر ان کیخلاف نکل آئے تو پھر حالات اس نہج پر آنے میں دیر نہ لگے گی کہ سب کو پچھتانا پڑے۔اب بھی وقت ہے کہ تمام سٹیک ہولڈر عوام کی خبر لیں اور انہیں راحت پہنچانے کا فریضہ سر انجام دینے کیلئے مل بیٹھ کر کوئی موثر لائحہ عمل طے کریں ،ورنہ وہ انتخابات میں دیکھ لیں گے کہ عوام کو صر ف ِنظر کرنے کا کیا نتیجہ نکلا کرتا ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998