خیال تھا پی ٹی آئی آئے گی تو لوگوں کا احتساب ہو گا لیکن ایسا نہ ہوسکا، سراج الحق

March 20, 2023

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کمر توڑ مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔ جنوبی پنجاب زرعی علاقہ ہے، ہر آدمی کو اناج ملنا چاہیے۔

بہاولنگر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ غربت جنوبی پنجاب میں ہے۔ بہاولنگر میں میڈیکل کالج اور نہ ہی زرعی یونیورسٹی ہے۔ حکمران بین الاقوامی چور اور مافیا ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب اور کسان کو تباہ و برباد کر دیاہے۔ سب نےتوشہ خانہ کو لوٹا، کسی نے گھڑی چوری کی تو کسی نے کچھ۔ عمران خان نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا اور پھر گیا۔ عمران خان نے پرویز الہٰی کو سب سے بڑا ڈاکو کہا اور پھر اسی کے ساتھ مل گیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ خیال تھا پی ٹی آئی آئےگی تو لوگوں کا احتساب ہو گا لیکن یہ نہ کرسکے۔ یہ امریکا کو جواب نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بیان دیا تو فواد چودھری نے 5 بار سفارتخانےجا کر وضاحتیں دیں۔

سراج الحق نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں یہ میری حکومت نہیں، میری حکومت تب آئے گی جب نواز شریفآئے گا۔