بارڈر مینجمنٹ پاکستان اور افغانستان دونوں کیلئے بہتر ہے،مشیر خارجہ

June 16, 2016

مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بارڈر مینجمنٹ پاکستان اور افغانستان دونوں کے لیے بہتر ہے، کئی بار دونوں ممالک کی اتھارٹیز کے اجلاس میں پاکستان نے واضح کیا کہ وہ اپنی طرف تعمیر جاری رکھے گا۔

قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ طورخم سرحد پر پاکستان کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ نہیں ہوئی، پاکستان نے صرف جواب دیا، افغانستان کی فائرنگ اور گولہ باری سے 180 پاکستانی خاندان بے گھر ہوئے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ گیٹ اور چیک پوائنٹس کی تعمیر کا کام نومبر 2014ء میں شروع ہوا تھا، کئی بار دونوں ممالک کی اتھارٹیز کے اجلاس میں پاکستان نے واضح کیا تھا کہ وہ اپنی طرف تعمیر جاری رکھے گا، تعمیر جاری رکھنے کا مقصد آمدو رفت کو بہتر بناناتھا۔

سرتاج عزیز نے بتایاکہ افغانستان کےقومی سلامتی کےمشیر سے بات ہوئی، انہوں نے جلد جواب کی یقین دہانی کرائی ہے، افغان وزیر خارجہ کو ملاقات کی دعوت دی جس کا مقصد معاملات بات چیت سے حل کرنا ہے۔