افغانستان سے ٹی 20، نئے کوچ چھوٹی سیریز میں بڑا تاثر چھورنے کیلئے پرعزم

March 22, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) افغانستان کے خلاف سیریز میں پی سی بی نے عبدالرحمٰن کو عبوری کوچ مقرر کیا ہے، وہ چھوٹی اور مختصر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بڑا تاثر چھوڑنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے اپنا کام کیا ہے جبکہ میری ذمے داری عبوری کوچ کی ہے، میرا فوکس ٹیم کے کھیل پر ہے، میرے پاس اس کا جواب نہیں ہے کہ مجھ سے سلیکشن پر مشاورت کی گئی ہے یا نہیں۔ میں نے بڑے کوچز کے ساتھ کام کیا، ان سے سیکھنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے، ملتان سلطانز میں اینڈی فلاور کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ ہماری ٹیم میں بھی بہت پٹھان ہیں اور کوچ بھی پٹھان ہیں، کراؤڈ سے زیادہ فرق نہیں پڑتا، افغانستان کی بولنگ زیادہ مضبوط ہے، بیٹنگ اتنی مضبوط نہیں ہے۔ منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ کوچ بننا میرے لئے عزت اور اعزاز کی بات ہے۔ افغانستان کی ٹیم اچھی ہے، ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے پرفارم کرنے کا بڑا اچھا موقع ہے۔ ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں ان کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا ہوا ہے ۔ پاکستان ٹیم کی کوچنگ خواب ہوتا ہے اور میرے لیے اچھا موقع ہے۔ ضرور کچھ فرق ڈالنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں بڑے کھلاڑیوں کو مس کریں گے، ان کی جگہ کھیلنے والے باصلاحیت ہیں ، ہر شعبے میں شامل کھلاڑی فارم میں ہیں۔ افغانستان کے بولروں کو پی ایس ایل میں ہمارے بیٹرز کو کھیلنے کا موقع ملا ہے، تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں، سب کو مل کر اچھا کھیلنا ہو گا تبھی جیت سکیں گے۔ عبدالرحمن نے کہا کہ افغانستان کے خلاف ہمیشہ سخت مقابلہ ہوتا ہے، پاکستان ٹیم کا اچھا کمبی نیشن ہے، ہماری ٹیم کا ایک مقام ہے، ہمارے ساتھ بڑے نام نہیں لیکن نوجوان ان کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ برس سے کوچ کر رہا ہوں، یہ میری جاب ہے، عمر گل اور محمد یوسف بڑے نام ہیں، ہم مل کر کام کریں گے، کوئی کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرے گا۔ میں عبوری کوچ ہوں اس سیریز کے لیے میرا کردار اس سیریز کے لیے ہے۔ عبدالرحمن نے کہا کہ انٹرنیشنل لیول کے الگ تقاضے ہوتے ہیں، میں گراس روٹ سے آیا ہوں، مجھ پر دباؤ نہیں ہے ،بلکہ میں بہت پرجوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عباس آفریدی نے اچھا پرفارم کیا ہے، آئندہ بہت سیریز ہیں وہ نظروں سے اوجھل نہیں ہیں، انہیں بھی موقع ملے گا ۔