کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ایک بار پھر بارش

March 23, 2023

فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ایک بار پھر بارش ہوئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مزید بارش برسانے والے بادل شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں، جن کے باعث آئندہ چند گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں گرج چمک کے ساتھ کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

کراچی میں صبح ہونے والی بارش نے فضاؤں کو مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو سے معطر کر دیا۔

شہرِ قائد میں صبح سویرے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد آسمان پر قوس قزح کے مناظر دیکھنے میں آئے۔

صبح سویرے نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، بفر زون، عزیز آباد، بلدیہ، سرجانی ٹاؤن، کلفٹن، ڈیفنس، ایم اے جناح روڈ، صدر، جمشید کوارٹرز، سولجر بازار اور کھارادر سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔

بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں آئندہ 2 سے 3 گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے اور شہر کے مغربی اور وسطی علاقوں میں زیادہ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیرِ اثر آج دن بھر وقفے وقفے سے بادلوں کی تشکیل ہوتی رہے گی، بحیرۂ عرب سے مزید بادل شہر کی جانب آ رہے ہیں، بادلوں کا پھیلاؤ زیادہ ہونے کے باعث مختلف علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سندھ میں کل سے بارش کا امکان کم ہو جائے گا،کل سسٹم پنجاب اور کے پی کی جانب بڑھ جائے گا۔