سائرہ پیٹر نے یوم پاکستان پر ’چاند میری زمیں پھول میرا وطن‘ گا کر رنگ جمادیا

March 23, 2023

گلوکارہ سائرہ پیٹر کا لندن میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان اور دیگر حکام کے ساتھ خصوصی پوز

پاکستانی نژاد برطانوی اوپرا سنگر سائرہ پیٹر نے ایک مرتبہ پھر یوم پاکستان کے موقع پر لندن ہائی کمیشن پاکستان میں لاجواب پرفارمنس دکھائی۔

انہوں نے اپنی مدُھر آواز میں قومی اور ملی نغمے پیش کیے، سب سے زیادہ داد انہیں مشہور قومی گیت چاند میری زمیں پھول میرا وطن پر ملی۔

تقریب میں برطانیہ کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں، سائرہ پیٹر نے ملی نغموں میں اوپرا موسیقی کا رنگ بھی شامل کیا جسے حاضرین نے بےحد پسند کیا۔

اس موقع پرسائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ موسیقار دل میں اتر جانے والی دھنیں ترتیب دیتے ہیں تو گلوکار اپنی آواز کا جادو جگا کر ان ملی نغموں کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں اتنے زیادہ ملی نغمے نہیں بنتے جتنے ہمارے ملک پاکستان میں بنتے ہیں۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ ایسی کمال کی سدا بہار دھنیں ترتیب دی گئیں جو پیدائشِ پاکستان سے لے کر آج تک کانوں میں رس گھول رہی ہیں۔

سائرہ پیٹر نے کہا کہ میں لندن میں رہتی ہوں لیکن میرا دل پاکستان میں دھڑکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ملک کےلیے جب بھی گاتی ہوں تو روح کو سکون ملتا ہے۔