حج اسکیم: 26 ہزار سے زائد درخواستیں موصول، سلسلہ مزید جاری

March 23, 2023

فوٹو: فائل

سرکاری حج اسکیم میں درخواستوں کی وصولی جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 22 مارچ تک 26 ہزار سے زائد درخواستیں بینکوں میں موصول ہوئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت بیرون ملک سے ڈالر منگوانے والے درخواستگزاروں کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوگئی۔

حج درخواست گزاروں کے فیڈ بیک پر آسانی کےلیے بینکوں کو مزید ہدایات جاری کی ہیں۔ سمندر پار پاکستانی بیرون ملک سے بنوایا گیا میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ بھی بینک میں جمع کراسکتے ہیں۔ مشکل کی صورت میں سادہ صفحے پر بیانِ حلفی بینک میں جمع کروائیں کہ صحت مند ہیں۔

پاکستان واپسی پر حج پرواز سے پہلے پاکستان سے میڈیکل فٹنس سرٹیفیکیٹ بنوا کر بینک میں جمع کروائیں گے۔

درخواست گزار منظور شدہ ویکسین کی پہلی ڈوز لگوا کر درخواست جمع کرواسکتے ہیں۔ روانگی سے قبل مکمل ڈوز لگوا کر بینک میں سرٹیفکیٹ جمع کروانا ہوگا۔

نادرا کے علاوہ غیر ملکی ویکسین سرٹیفکیٹ بھی قبول ہوگا۔ نامزد بینک حج درخواستیں 25 اور 26 مارچ کو بھی وصول کریں گی۔

اسپانسر شپ بھجوانے والے کا عازمین حج سے خونی رشتہ ہونا ضروری نہیں، رقم کے ہمراہ عازم حج کا نام، شناختی کارڈ، رابطہ نمبر بھجوانا لازم ہے۔

آسانی کیلئے آسان اکاؤنٹ کی حد 10 لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ کی جا چکی ہے۔ حجاج کرام کو سعودی عرب میں قربانی کا کوپن خود خریدنا ہوگا۔

قربانی کوپن خریدنے کےلیے پاکستان حج مشن سعودی عرب میں رہنمائی کرے گا۔ قربانی کوپن کی رقم 700 تا 1 ہزار ریال ہو سکتی ہے۔

ریگولر اسکیم کے سمندر پار درخواستگزار پاکستان میں نامزد فرد کے ذریعے حج درخواست جمع کروائیں۔

پیکیج میں ممکنہ بچت وصول کرنے کیلئے پاکستان پہنچ کر بینک اکاؤنٹ کھلوانا لازم ہوگا۔

حج درخواستیں نامزد بینکوں کے ذریعے ہی پراسیسہوںگی۔