سستا پیٹرول اسکیم سبسڈی نہیں، قیمتوں کا تعین کرنے والی اسکیم ہے، مصدق ملک

March 23, 2023

وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے سستا پیٹرول اسکیم سے متعلق آئی ایم ایف کے خدشات پر کہا کہ سبسڈی نہیں قیمتوں کا تعین کرنے والی اسکیم ہے۔

خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ سستا پیٹرول اسکیم غریبوں کےلیے ریلیف پروگرام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلیف پیکیج کا مسودہ تیار کرنے کےلیے چھ ہفتے کا وقت دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم سبسڈی نہیں، آئی ایم ایف نے ہم سے کسی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔

مصدق ملک نے مزید کہا کہ سستا پیٹرول اسکیم ویسی ہی ہے جیسے ہم نے گیس کے شعبے میں کیا، گیس سیکٹر میں اسکیم پر آئی ایف ایم نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ گیس سیکٹر میں فیول استعمال کی بنیاد پر مختلف قیمتیں مقرر کی ہیں۔

خیال رہے کہ آئی ایم ایف نمائندہ ایسٹر پیریز نے کہا تھا کہ پیٹرول اسکیم سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔