شام میں ڈرون حملہ، امریکی کنٹریکٹر ہلاک، فوجیوں سمیت 6 زخمی

March 24, 2023

تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

شام میں ہونے والے ڈرون حملے میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک ہو گیا جبکہ فوجیوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

پینٹاگون کے مطابق شمال مشرقی شام میں اتحادی فوج کے ایک اڈے پر ایک امریکی تنصیب پر ہوئے ڈرون حملے میں ایک امریکی کنٹریکٹر ہلاک اور ایک اور کنٹریکٹر اور 5 امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی انٹیلی جنس تجزیہ کاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرون ایرانی تھا۔

پینٹاگون کے مطابق حملہ گزشتہ روز دوپہر 1 بج کر 38 منٹ پر حسکہ شہر کے قریب ہوا ہے۔

حملے میں زخمی ہونے والے 2 فوجیوں کو حملے کے مقام پر طبی امداد دی گئی جبکہ دیگر 3 زخمی فوجیوں اور امریکی کنٹریکٹر کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے عراق منتقل کیا گیا۔

دوسری جانب امریکی افواج نے صدر جو بائیڈن کے حکم پر اسی علاقے میں ایران سے منسلک اہداف پر فضائی حملوں کے ذریعے جوابی کارروائی کی ہے۔