رمضان المبارک میں گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، کرن بلوچ

March 26, 2023

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزرات اوور سیز پاکستانیز اور انسانی ترقی کی فوکل پرسن کرن بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری میں خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً سیٹیلائٹ ٹائون، سریاب روڈ ، سرکی روڈ ‘ جان محمد روڈ ‘ اسٹیورٹ روڈ اور دیگر علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کی وجہ سے روزہ داروں کو سحری اور افطار کے دوران خواتین کو مشکلات درپیش آرہی ہیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کی جانب سے گیس پریشر میں کمی کو دور کرکے گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی ،انہوں نے کہا کہ شہر کے بعض علاقوں میں گیس آتی ہی نہیں اور آتی ہے تو اتنی کم کہ اس پر کھانا تیار نہیں کیا جا سکتا ، انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی اور کیسکو حکام سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے دوران گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایاجائے تاکہ روزہ داروں کو سحری اور افطاری میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔