فلم ’کرن ارجن‘ کے لئے سلمان خان پہلی پسند نہیں تھے

March 27, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز راکیش روشن نے انکشاف کیا ہے کہ 1995 کی مشہور فلم ’کرن ارجن‘ کے لئے سلمان خان پہلی پسند نہیں تھے، ان سے قبل اجے دیوگن کا انتخاب کیا گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایت کار راکیش روشن نے انڈین آئڈل سیزن 13 کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ فلم کرن ارجن کا پہلے نام ’کائنات‘ رکھا گیا تھا بعد میں اسے تبدیل کیا گیا۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر انڈین آئڈل سیزن 13 کا ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں فلم ساز راکیش روشن نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کرن ارجن میں سلمان کے کردار میں اجے دیوگن تھے اور اس وقت فلم کا نام بھی کائنات تھا جس میں شاہ رخ اور اجے دیوگن تھے۔ کسی وجہ سے، اجے دیوگن فلم نہیں کر سکے۔

انہوں نے اس کلپ میں یہ بھی بتایا کہ فلم ’کہو نہ پیار ہے‘ میں پہلے کرینہ کپور کو کاسٹ کیا گیا تھا لیکن وہ بھی کسی وجہ سے فلم نہیں کرسکیں تو امیشا پٹیل کو شامل کیا گیا۔

ہدایت کار راکیش روشن نے اپنی آخری فلم 2013 میں ’کرش 3‘ ڈائریکٹ کی تھی جس میں مرکزی کردار ان کے بیٹے ہریتھک روشن نے نبھایا تھا۔ اس فلم کا چوتھا حصہ ’کرش 4‘ بھی پری پروڈکشن کے مرحلے میں ہے۔

تاہم، ہریتھک روشن نے چند ماہ قبل تصدیق کی تھی کہ کرش 4 کی پروڈکشن کچھ معمولی تکنیکی مسائل کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئی ہے جس پر جلد قابو پالیا جائے گا۔