پاکستان کی باوقار اور باصلاحیت اداکارہ صنم سعید نے مدرز ڈے کے موقع پر اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ماں بننے والی ہیں۔
صنم سعید اپنے منفرد اور باوقار انداز کے لیے جانی جاتی ہیں، اپنے کیریئر کے حوالے سے وہ ہمیشہ معیار کو مقدار پر ترجیح دیتی آئی ہیں۔
ان دنوں وہ نیٹ فلکس کے بڑے پراجیکٹ جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو میں بھی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
صنم سعید نے اپنی والدہ کے لیے ایک دل چھو لینے والا پیغام لکھتے ہوئے ماں بننے کی خوشی سب کے ساتھ بانٹی۔
انہوں نے کہا کہ مدرز ڈے کے موقع پر میں اپنی ماں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے مجھے ہمیشہ بے پناہ محبت اور حفاظت دی، میں دعا گو ہوں کہ میں بھی اُن جیسی مہربان، مضبوط اور نڈر ماں بن سکوں۔
صنم نے اپنی تصاویر کے ساتھ اپنے مداحوں کو خوشی میں شریک کیا، تصاویر میں اُن کے چہرے پر ماں بننے کی جھلک اور خوشی واضح دیکھی جا سکتی ہے۔
اداکارہ کے اس اعلان پر سوشل میڈیا پر مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا تانتا بندھ گیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ اللّٰہ آپ کو صحت مند، خوبصورت اولاد عطا کرے، ماں بننے کا تجربہ زندگی کا سب سے حسین لمحہ ہے۔
ایک اور مداح نے کہا ہم نے ہمیشہ آپ کو ایک مضبوط کردار میں دیکھا، اب ماں کے روپ میں دیکھنے کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ صنم اور محب مرزا کی شادی ابتدا میں کافی نجی رہی، مگر وقت کے ساتھ دونوں نے اپنے رشتے کو خوبصورتی سے اپنایا اور سادگی کے ساتھ جیا، اب اُن کی زندگی میں نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے، جو مداحوں کے لیے بھی باعثِ خوشی ہے۔