انسٹا پر لڑکی کے نام سے میری بھی جعلی آئی ڈی ہے، فاسٹ بولر محمد حسنین

March 27, 2023

فوٹو بشکریہ فیس بک پیج

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کا بھی انسٹاگرام پر لڑکی کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ موجود ہے۔

میڈیا پر شاذ و نادر ہی نظر آنے والے کھلاڑی محمد حسنین نے گزشتہ دنوں جیو نیوز کے معروف شو ’ہنسنا منع ہے میں‘ بطور مہمان شرکت کی۔

اس دوران محمد حسنین نے شو کے میزبان طابش ہاشمی کے ساتھ مداحوں سے متعلق دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنا بھی ایک جعلی اکاؤنٹ ہونے کا انکشاف کر ڈالا۔

محمد حسنین کا مداحوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر اُنہیں موصول ہونے والے پیغامات سے لگتا ہے کہ مردوں کی بنسبت خواتین اُن کی زیادہ مداح ہیں، سوشل میڈیا پر زیادہ تر اُنہیں خواتین کی جانب سے پیغامات موصول ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اُن کا بھی لڑکی کے نام سے ایک جعلی اکاؤنٹ ہے جو کہ انہوں نے اپنے دوست کو تنگ کرنے کے لیے بہت پہلے بنایا تھا۔

محمد حسنین کا اس جعلی اکاؤنٹ سے متعلق مزید کہنا تھا کہ مجھے تو اب اس آئی ڈی کا نام بھی نہیں یاد، میں نے بہت پہلے یہ اکاؤنٹ بنایا تھا۔

شو کے دوران 22 سالہ محمد حسنین کا خود سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 12 سال کی عمر میں اُن میں کرکٹ کا شوق پیدا ہوا تھا، انہوں نے سب سے پہلے اس سے متعلق اپنے والد سے بات کی تھی اُنہیں کرکٹ اکیڈمی میں جانا ہے۔

شو کے دوران محمد حسنین نے جہاز میں اپنے پہلے سفر سے متعلق چند دلچسپ یادیں بھی تازہ کیں۔