کراچی میں گرفتار ڈاکو بلدیاتی الیکشن میں سیاسی جماعت کا امیدوار نکلا

March 27, 2023

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن مدینہ کالونی میں لوٹ مار کرتے ہوئے پکڑا گیا ملزم بلدیاتی امیدوار نکلا۔ مبینہ ڈاکو نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار مبینہ ڈاکو نے کونسلر کی نشست پر یو سی 6 وارڈ نمبر 4 سے الیکشن لڑا تھا، ملزم نے 305 ووٹ بھی حاصل کیے تھے، وہ الیکشن سے قبل بھی وارداتیں کرتا رہا ہے۔

ملزم نے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں موٹر سائیکل چھیننے، میڈیسن کمپنی کی وین لوٹنے کا اعتراف کیا ہے، ملزم آج شام بھی واردات کر رہا تھا کہ شہریوں نے پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو پولیس نے زخمی حالت میں حراست میں لیا، جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا، ملزم نے پی ٹی آئی امیدوار کی حیثیت سے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیا تھا۔