میں نے کبھی اپنے والد کے نام کا فائدہ نہیں اُٹھایا، بابیل خان

March 28, 2023

بابیل خان، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے ورسٹائل اور معروف اداکار عرفان خان مرحوم کے بیٹے بابیل خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے والد کے نام کا فائدہ نہیں اُٹھایا۔

بابیل خان کو عرفان خان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے اکثر یہ سننا پڑتا ہے کہ وہ اقربا پروری کی پیداوار ہیں۔

اس حوالے سے اُنہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک ایسا شخص ہوں جو اپنا کام کرتے ہوئے اپنی پوری کوشش کرتا ہے کہ کام بہترین ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اب تک بطور اداکار کافی کچھ کرچکا ہوں لہٰذا، میں ہمیشہ سوچتا ہوں کہ کاش میں نے یہ کیا ہوتا یا پھر وہ کیا ہوتا۔لیکن میں یہ بھی مانتا ہوں کہ آپ جو بھی کام کرتے ہیں اس کا اپنا ایک سفر ہوتا ہے اور آپ اس میں اپنی انا کو نہیں لا سکتے۔

اُنہوں نے اپنے والد عرفان خان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بابا کا سارا کام ہمیشہ لوگوں کے دلوں کے قریب رہے گا، اُنہیں کبھی ایوارڈز کی پرواہ نہیں تھی، وہ کام کرتے ہوئے یہ بھی نہیں سوچتے تھے کہ کون پروڈیوسر ہے یا کونسا ڈائریکٹر ہے۔

بابیل خان نے کہا کہ بابا صرف اتنا جانتے تھے کہ اُنہیں یہ کردار ادا کرنا ہے اور یہی بات میرے اندر بھی ان کی وجہ سے موجود ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھی کام حاصل کرنے کے لیے اپنے والد کے نام کا فائدہ نہیں اٹھایا اور مجھے نہیں لگتا کہ میری والدہ کبھی کسی کو فون کرکے میرے لیے کسی کا احسان مانگ سکتی ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں کام حاصل کرنے کے لیےصرف آڈیشن دینے جاتا ہوں ورنہ کوئی گڑبڑ کی تو مجھے گھر میں بہت مار پڑ جائے گی۔

بابیل خان نے کہا کہ میں ابھی بھی آڈیشن دے رہا ہوں اور مجھے بہت ریجیکٹ بھی کیا جاتا ہے یہاں تک کہ آج بھی اگر کوئی آڈیشن ہے تو میں واقعی دینے جاناچاہتا ہوں اور اگر میں اس میں گڑبڑ کرتا ہوں تو والدہ مجھ پر بہت ناراض ہوں گی لیکن وہ میری سلیکشن کے لیے کبھی کسی کو فون کرکے بولیں گی نہیں کیونکہ یہ ہمارے خاندانی اقدار کے خلاف ہے۔