معزز عدلیہ کو یاد کروانا چاہتے ہیں آپ نے نظریہ ضرورت نکالا، رانا تنویر

March 28, 2023

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اگر صحیح تاریخ لکھی جائے تو ملک کا بیڑا غرق کرنے میں عدلیہ کا پہلا نمبر ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں فلاں ادارے نے ملک کا بیڑا غرق کیا، اگر صحیح تاریخ لکھی جائے تو عدلیہ کا پہلا نمبر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معزز عدلیہ کو یاد کروانا چاہتے ہیں کہ اپنی تاریخ یاد کریں، آپ نے نظریہ ضرورت نکالا۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنے جج صاحبان ہیں ان کو بخوبی جانتے ہیں، ثاقب نثار کے دور میں کیا ہوا آپ کے سامنے ہے، وہ خود پٹیشن ڈلواتے رہے۔

رانا تنویر نے کہا کہ پانامہ کیس میں سسلین مافیا کی بات کی، انہوں نے ہمارے سارے سسٹم کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کس قانون کی بات کرتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پانچ منٹ کے اندر وزیر اعظم ہاؤس چھوڑا۔

رانا تنویر کا کہنا تھا کہ آئین کو ری رائٹ کیا گیا، آمروں کو آئین میں ترمیم کی اجازت کون دیتا رہا؟ کیا پارلیمنٹ نے یہ کام کیا؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان اب کسی صورت وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ پہلے بھی آپ نے جو چار سال لگائے تو ان کو سمجھ آ گئی اور باہر نکال دیا۔