ہندو دیوی کے مجسمہ والا لاکٹ پہن کر ریمپ واک پر تاپسی پنو کے خلاف مقدمہ درج

March 28, 2023

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تاپسی پنو کے خلاف مبینہ مذہبی جذبات مجروح کرنے کے حوالے سے مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے چھاتری پورہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایا گیا ہے۔

ایکلاویا سنگھ گور نامی شخص کی جانب سے درج کروائے گئے مقدمہ میں کہا گیا کہ اداکارہ نے مختصر اور بےہودہ لباس میں ہندو دیوی کے مجسمے والا ہار پہنا۔

شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ تاپسی پنو نے بے ہودہ لباس میں یہ نیکلس پہنا، اس نیکلس میں ہندو لکشمی دیوی کا طلائی مجسمہ فٹ ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ بالا شخص اس سے قبل بھی مذہبی جذبات مجروح کرنے کا ایک مقدمہ معروف بھارتی کامیڈین منور فاروقی کے خلاف بھی ان کے اندور میں ہونے والے شو کے حوالے سے درج کرواچکا ہے۔

مقامی تھانیدار نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کے بیٹےایکلاویا سنگھ گور نے یہ کیس درج کروایا ہے اور کہا کہ تاپسی نے 12 مارچ کو ممبئی میں منعقدہ لکمے فیشن شو ویک کے موقع پر ریمپ پر واک کے دوران لکشمی دیوی والا لاکٹ مختصر لباس کے ساتھ پہن کر مذہبی جذبات مجروح کیے۔