حالیہ بارشوں سے ملک میں گندم کا پیداواری ہدف نیچے آگیا

March 29, 2023

ملک میں ہونے والی حالیہ بارشوں سے گندم کا پیداواری ہدف نیچے آگیا۔

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی ابتدائی رپورٹکے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی حالیہ بارش کے باعث گندم کے زیر کاشت 7 لاکھ 24 ہزار ایکڑ کا نقصان ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں سے گندم کی پیداوار کا ہدف 17 لاکھ ٹن گر گیا، حالیہ بارشوں سے گندم کا پیداواری ہدف گر گیا۔

رپورٹ کے مطابق گندم کا پیداواری ہدف 28 اعشاریہ37 ملین ٹن سے کم ہو کر 26 اعشاریہ67 ملین ٹن رہ گیا، پنجاب میں 4 اعشاریہ 3، خیبر پختونخوا میں 1 اعشاریہ71 فیصد رقبہ پر نقصان ہوا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں جہلم، ملتان، مظفر گڑھ راجن پور، ٹوبہ ٹیک سنگھ،کوٹ ادو، پاک پتن، فیصل آباد، ننکانہ صاحب شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں گندم کی فصل متاثر ہوئی۔

خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں گندم کی فصل متاثر ہوئی، بلوچستان سے ابھی ڈیٹا آنا ہے، تاہم بلوچستان میں 30 سے 40 فیصد نقصان کا اندازہ صرف جھل مگسی اور کوہلو سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق سبی، نصیر آباد، صحبت پور، زیارت، قلات اور قلعہ سیف اللّٰہ میں گندم کی فصل متاثر ہوئی۔

سندھ میں تاحال بارشوں سے کوئی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا، بارشوں سے گندم کے نقصانات کی حتمی رپورٹ آئندہ 10روز تک آجائے گی۔