ریاست کسی سے زبردستی ڈی این اے نہیں لے سکتی، ٹیریان کیس میں عمران کے وکیل کے دلائل

March 30, 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت کے دوران چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ ریاست زبردستی کسی کا ڈی این اے نہیں لے سکتی ، درخواست محض سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، جرمانہ کیساتھ خارج کی جائے، درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے مزید دستاویزات پیش کرنے کی استدعا پر عدالت نے جواب الجواب دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کر دی۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کیا عوام کو پتہ نہیں ہوناچاہئے کہ انکے نمائندے کے فیملی ممبران کون کون ہیں؟ چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل تین رکنی لارجر بنچ نے شہری محمد ساجد کی درخواست کی سماعت کی۔ سلمان اکرم راجہ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ جو مالی طور پر زیر کفالت ہیں ان سے متعلق بیان حلفی میں ذکر کرنے کا کہا گیا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا بیان حلفی آج بھی نامزدگی فارم کا حصہ ہوتا ہے، سلمان اکرم راجہ نے کہادرخواست گزار نے نہیں بتایا کہ ٹیریان عمران خان کی زیر کفالت ہے کیس کی اب کوئی بنیاد ہی نہیں بنتی۔