نوازالدین صدیقی کا اہلیہ سے تصفیہ جلد طے پاجائے گا، وکیل رضوان صدیقی

March 30, 2023

فائل فوٹو

تنازعات میں گِھرے بالی ووڈ کے اداکار نواز الدین صدیقی کی اہلیہ عالیہ صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی نے تصفیے کے معاہدے پر آمادگی کا عندیہ دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ صدیقی کے وکیل رضوان صدیقی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نواز الدین صدیقی کے وکیل کی جانب سے ان کی شرائط پر مبنی تصفیے کے معاہدے کا مسودہ 25 مارچ کو موصول ہوا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک مثبت قدم ہے کہ وہ اس معاملے کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ پر 100 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ، تصفیے کا معاہدہ بھیجنے سے پہلے کیا گیا تھا، اس طرح یہ بھی تصفیے کی شرائط کے مطابق خود بخود اس میں شامل ہوگیا ہے۔

وکیل رضوان صدیقی کے مطابق اگر ان کی موکلہ تصفیے کے معاہدے پر آمادہ ہوجاتی ہیں تو ہتک عزت کیس خود بخود ختم ہو جائے گا۔

تاہم انہوں نے نواز الدین صدیقی کے وکیل سے اس حوالے سے واضح ضمانت طلب کی ہے کہ اگرچہ تصفیے کا معاہدہ طے پاجائے تو ہرجانے کا دعویٰ بھی ختم ہو جائے گا۔

انہوں نے معاہدے کے مسودے کی شرائط کے حوالے سے مزید بتایا کہ اس میں بچوں کی تحویل کے حوالے سے کوئی شرط نہیں رکھی گئی ہے۔

وکیل رضوان صدیقی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ معاہدہ طے پاتے ہی ان کی موکلہ عالیہ صدیقی نواز الدین صدیقی سے طلاق لے لیں گی اور اپنا اصل نام، انجانا کشور پانڈے واپس اختیار کرلیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم تصفیے کی شرائط کو نجی رکھنا چاہتے ہیں۔ اس میں بچوں کی تحویل کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی، تاہم بچے میری موکلہ کے پاس ہی رہیں گے جیسے پیدائش سے اب تک ان کے ساتھ ہیں۔ اس حوالے سے کوئی نیا تنازع نہیں ہونا چاہیئے۔

تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان کی موکلہ عالیہ صدیقی نوازالدین صدیقی سے طلاق لینے کے بعد بچوں کی تحویل کے حوالے سے باقاعدہ کیس دائر کرتے ہوئے تمام قانونی کارروائی کو پورا کریں گی۔