کراچی: گرفتار ڈاکو کے موٹر سائیکل سوار بزرگ کے قتل میں ملوث ہونے کا شبہ

April 02, 2023

ملزم کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی اسکرین گریب

کراچی کے تھانے عزیز آباد پولیس کے ہاتھوں گزشتہ شب پولیس مقابلے کے بعد ڈکیت گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کیا گیا ہے جس پر طارق روڈ پر بزرگ موٹر سائیکل سوار شہری کے قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

23 مارچ کو طارق روڈ پر بزرگ شہری کو دن دیہاڑے ڈکیتی میں مزاحمت پر ملزمان نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم اکرام عرف منا بھائی ولد شمس الدین نے ساتھیوں کے ساتھ مختلف علاقوں سے کئی موٹر سائیکلیں چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ڈکیت 100 سے زائد مختلف وارداتوں میں ملوث ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی کئی وارداتوں کی سی سی ٹی وی ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ چکی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ چھینی گئی موٹر سائیکلیں خضدار میں بیچتے تھے۔

ملزم نے 2021ء میں شاہ فیصل کالونی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک شخص کو زخمی کیا تھا۔

پولیس کی جانب سے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ملنے والی موٹر سائیکل تھانہ تیموریہ کی حدود سے چھینی گئی تھی۔