ویسٹ بینک: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی جاں بحق

April 02, 2023

فوٹو بشکریہ غیر ملکی ایجنسی

ویسٹ بینک میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق ہو گیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی نوجوان کو اسرائیلی فوج نے کار میں نشانہ بنایا۔

رپورٹ میں عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے زخمی فلسطینی کو طبی امداد دینے سے روکا نتیجاتاً خون زیادہ بہہ جانے سے زخمی فلسطینی دم توڑ گیا۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ محمد رئید برادیہ کے نام سے ہوئی ہے۔

اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے کہا ہے کہ نوجوان کو گولی مار کر اس وقت ہلاک کیا گیا جب اس نے اپنی گاڑی فوجیوں کے ایک گروپ سے ٹکرائی۔

اسرائیلی طبی ماہرین نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

گزشتہ روز ایک اور واقعے میں اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجدِ اقصیٰ کے باہر ایک فلسطینی شخص کوفائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

رپورٹ میں عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مسجد کے احاطے کی طرف جانے والی ایک خاتون کو ہراساں کرنے سے روکنے کی کوشش کرنے والے 26 سالہ محمد خالد العصیبی کو کم از کم 10 گولیاں ماریں۔

واضح رہے کہ رواں سال اسرائیلی فوج کی پُرتشدد کارروائیوں میں 92 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔