پوری دنیا گھومنے کا ارادہ رکھنے والی 26سالہ آسٹریلوی لڑکی کی اچانک موت کی وجہ سامنے آگئی

May 27, 2023

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

والدین کے ساتھ رات کا کھانا کھاتے ہوئے اچانک انتقال کر جانے والی26 سالہ آسٹریلوی لڑکی کی موت کی وجہ سامنے آ گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ ڈوکاٹیل اپنے والدین کے ساتھ رات کا کھانا کھا رہی تھیں اور تاش کھیل رہی تھی کہ اچانک اس کی موت واقع ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دانی ڈوکاٹیل پوری دنیا گھومنے کا ارادہ رکھتی تھیں، رواں ماہ 21 مئی کی رات 10 بجے ڈوکاٹیل والدین کے ساتھ کھیل کے دوران دل کا دورہ پڑنےکے سبب انتقال کر گئی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوکاٹیل کی حال ہی میں ٹانگ ٹوٹ گئی تھی جس کی سرجری کے بعد وہ صحت یاب ہو رہی تھی۔

ڈوکاٹیل کی موت سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈاکٹروں کا میڈیا کو بتانا تھا کہ ڈوکاٹیل کی ٹانگ کی سرجری کی وجہ سے اُن کی شریانوں میں ایک خون کا لوتھڑا بن گیا تھا اور یہ خون کا لوتھڑا ہی ڈوکاٹیل میں پلمونری ایمبولزم (دل کے دورے) کا سبب بنا۔

دوسری جانب تاحال ڈاکٹرز ڈوکاٹیل کے پوسٹ مارٹم کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔

ڈوکاٹیل کی والدہ کا اس افسوسناک واقع سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کی جان بچانے کی بہت کوشش کی، انہوں نے اپنی بیٹی کا ’سی پی آر‘ (ابتدائی طبی امداد) بھی کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔

ڈوکاٹیل کی والدہ نے اپنی بیٹی کی موت کی خبر کا اعلان فیس بُک کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بیٹی ڈینیلا جیڈ ڈوکاٹیل کا کل رات انتقال ہو گیا، ہم آپ سب کو آنے والے دنوں میں آخری رسومات کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

ڈوکاٹیل کی والدہ نے فیس بُک صارفین سے بیٹی کی آخری رسومات کے لیے مدد کرنے کی بھی درخواست کی۔