رہنماؤں کے گھر گرائے، کاروبار بند کیے جا رہے ہیں: پی ٹی آئی

May 28, 2023

—فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت پر رہنماؤں کے کاروبار کو بند کرنے کا الزام لگا دیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غریب محنت کشوں سے روزگار چھینا جا رہا ہے۔

اعلامیے میں پاکستان تحریکِ انصاف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے علی نواز اعوان کے گھر کا ایک حصہ اور مین گیٹ ہٹا دیا، گھر کا ایک حصہ گرانے کے بعد پولیس نے ان کا بزنس آفس بھی سیل کر دیا۔

پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک عامر ڈوگر اور فیملی کے پیٹرول پمپ اور میرج ہالز کو سیل کیا گیا، اوکاڑہ میں تحریک انصاف کے دو ٹکٹ ہولڈرز کے گھر مسمار کیے گئے۔

تحریک انصاف کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی پی 68 سے قمر خان کی چائے کی پتی کی فیکٹری کو سیل کیا گیا اور کراچی میں خرم شیر زمان کے ریسٹورنٹ کو بند کیا گیا ہے۔