پشاور: مبینہ زیادتی کا شکار 13 سالہ لڑکی کا دورانِ زچگی انتقال، ملزم گرفتار

May 28, 2023

—فائل فوٹو

خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے پھندو میں13 سال کی لڑکی زچگی کے بعد اسپتال میں انتقال کر گئی۔

پولیس حکام کے مطابق پھندو کے علاقے میں 13 سال کی بچی سے زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عتیق بچی کا پڑوسی ہے، ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جائے گا، ملزم کی عمر 25 سے 26 سال ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مبینہ ملزم اور اس کی فیملی گھر کو تالے لگا کر غائب ہو گئے تھے۔

پولیس کے مطابق نازک حالت میں آپریشن سے لڑکی کا مردہ بچہ پیدا ہوا، لڑکی کو 5 ماہ قبل زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق لڑکی کو والدین لے کر آئے تھے، لاش ان کے حوالے کر دی گئی ہے۔