وزیراعظم کی طیب اردوان کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

May 29, 2023

فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے رجب طیب اردوان کو ترکیے کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دی ہے۔

شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ طیب اردوان عوامی خدمت کی سیاست کرنے والے چند عالمی رہنماؤں میں سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طیب اردوان دنیا کے مظلوم مسلمانوں کیلئے توانا آواز رہے ہیں، صدارتی الیکشن میں ان کی جیت کئی پہلوؤں سے اہم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طیب اردوان کی جیت ان کی متحرک قیادت پر ترک عوام کے اعتماد کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وہ دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے شدت سے منتظر ہیں۔