نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کا اسکول بند ہونے پر ترجمان کی وضاحت

May 29, 2023

فائل فوٹو

پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے پاکستانی مشن کے عملے کے بچوں کےلیے قائم اسکول بند ہونے سے متعلق وضاحت کر دی۔

ترجمان پاکستان ہائی کمیشن نئی دلی نے کہا ہے کہ تعلیمی سال کی تکمیل پر پاکستان ہائی کمیشن اسکول کی سرگرمیاں معطل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعطل پاکستان ہائی کمیشن کے کم عملے اور داخلوں میں کمی کی وجہ سے ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ عوامی اسکول نہیں، صرف پاکستان ہائی کمیشن کے بچوں کی ضروریات پوری کرتا تھا۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن کا سفارتی عملہ جون 2020 میں بھارت کی درخواست پر آدھا کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کے بچوں کی تعلیم کے لیے قائم اسکول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے جس سے وہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔