• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی دہلی میں پاکستانی مشن کے عملے کے بچوں کیلئے قائم اسکول بند

لاہور(خالدمحمودخالد)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملہ کے بچوں کی تعلیم کے لئے قائم اسکول کو فوری طور پر بند کردیا گیا ہے جس سے وہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

اسکول کے عملے کو ایک ماہ کا نوٹس دے کر انہیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی ناظم الامور سلمان شریف کی طرف سے جاری کردہ 31 مارچ کا مراسلہ تمام ملازمین کو فراہم کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں معاہدے کی شق 4 کے تحت ایک ماہ کے نوٹس کے ساتھ آگاہ کیا جاتا ہے کہ اسکول کو بند کیا جارہا ہے اس لئے تمام عملے کو 30 اپریل سے نوکری سے برخاست کیا جاتا ہے۔

جنگ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان سے رابطہ کیا تو کہا گیا کہ اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی ترجمان سے رابطہ کریں۔

تاہم دفتر خارجہ کے ایک سینئر آفیسر نے اسکول بند کرنے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ تاہم بات کرنے کے صرف پندرہ منٹ بعد نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کی طرف سے بیان جاری کر دیا گیاکہ 2020 سے ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے اسکول میں بچوں کی تعداد بہت کم رہ گئی تھی جس کی وجہ سے اسکول کو بند کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ اسکول بند کرنے سے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کے بچوں کی تعلیم کا سلسلہ منقطع ہونے سے ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ بھارتی حکومت کی طرف سے ہائی کمیشن کے عملے کے صرف دو بچوں کو دوسرے اسکولوں میں داخلے کی اجازت ہے۔

اہم خبریں سے مزید