روسی تیل کی آمد سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہیں ہوں گی، مصدق ملک

May 30, 2023

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روسی تیل کی آمد سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہیں ہوں گی۔

اسلام آباد میں پاکستان انرجی کانفرنس سے بذریعہ زوم خطاب میں مصدق ملک نے کہا کہ روسی تیل کے زیادہ کارگوز آئیں گے تو ہی قیمت کم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ روسی تیل 2 ہفتے میں پاکستان پہنچے گا، جس کے آنے سے ملک میں تیل کی قیمتیں کم نہیں ہوں گی۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ دنیا میں جہاں بھی سستا تیل ملے گا ہم خریدیں گے، کوشش ہے پابندیوں سے بچیں اور توانائی کی ضروریات بھی پوری ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش پر دوبارہ کام شروع کر رہے ہیں، ملک میں جلد ٹائٹ گیس کی پالیسی لائیں گے۔

مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ حکومت گیس کے بند کنویں دوبارہ کھولنے پر غور کررہی ہے، کوشش ہے بند ہونے والے کنووں کی بحالی کے لئے کچھ رعایت دیں۔