پاکستان اور بیلاروس کے سفارتی پاسپورٹس رکھنے والے ویزا سے مستثنیٰ

May 30, 2023

پاکستان اور بیلاروس کے سفارتی پاسپورٹس رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ دینے کا معاہدہ ہوگیا۔

پاکستان اور بیلاروس نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا،وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور بیلاروس کے وزیر خارجہ نے تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کیے۔

اس موقع پر مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، سفارتی پاسپورٹس رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ کے معاہدے سے دونوں ملک مستفید ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

بیلاروس کےوزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو طرفہ معاہدوں سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا۔ بہترین مہمان نوازی پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا شکر گزار ہوں۔