پرویز الہٰی نے بطور وزیر اعلیٰ بہت کرپشن کی، رانا ثناء

June 01, 2023

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی نے بطور وزیر اعلیٰ اپنے حالیہ دور میں بہت کرپشن کی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ فرح گوگی والا کام بڑے دھڑلے سے کیا گیا، ٹھیکوں میں 10 فیصد کا کمیشن اور گرین لینڈ کو براؤن لینڈ کرواکے اربوں روپے بے رحم طریقے سے کمائے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جہاز کے ذریعے مونس الہٰی نے ڈالرز بیرون ملک منتقل کردیے، اس لیے ان کا کیس محض تحریک انصاف سے علیحدگی کی پریس کانفرنس کرنے والا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ پرویز الہٰی گاڑی میں جا رہے تھے پولیس نے گاڑی روک کر گرفتار کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ چوہدری پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔

چوہدری پرویز الہٰی کے ترجمان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔