میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، پرویز الہٰی

June 02, 2023

فائل فوٹو

تحریکِ انصاف کے صدر اور سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، پی ٹی آئی میں ہوں اور رہوں گا۔

لاہور میں عدالت میں پیشی کے موقع پر چوہدری پرویز الہٰی نے ’جیو نیوز‘ سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہیں، میں نے کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا تھا، مجھ پر یہ ظلم محسن نقوی کرا رہے ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا، یہ برا کر رہے ہیں اور بُرا ہی بھگتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں بے گناہ ہوں، پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ تگڑے رہیں، انہوں نے گھبرانا نہیں ہے۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پاک فوج کا حامی ہوں۔