حکومت آئینی مدت پوری ہوتے ہی انتخابات کیلئے تیار ہے، مولانا عبدالغفور حیدری

June 03, 2023

عبدالغفور حیدری - فوٹو: فائل

سیکریٹری جنرل جمیعت علماء اسلام (ف) عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت آئینی مدت پوری ہوتے ہی انتخابات کےلیے تیار ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں بیک وقت انتخابات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مستقبل مسلم لیگ (ق) جیسا ہوگا۔ چوہدری شجاعت نے ق لیگ کا وجود برقرار رکھا۔

جے یو آئی (ف) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو لینے سے پہلے اچھے برے کو دیکھنا ہوگا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے بتایا کہ پرویز الہٰی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے طے شدہ فارمولے پر عمل کرتے تو آج تک وزیراعلیٰ ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا اس پر دکھ ہوا، انہیں چھپنے کے بجائے گرفتاری دینی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نہ سیاسی جماعت ہے نہ ہی چیئرمین پی ٹی آئی کوئی سیاستدان ہے۔ قومی اور فوجی تنصیبات پر چڑھائی سیاست نہیں دہشتگردی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی فوجی تنصیبات پر چڑھائی کے ذمہ دار ہیں۔