بطور کپتان مجھ پر ذمہ داری ہے کہ ٹیم کو آگے لے کر چلنا ہے، ندا ڈار

June 04, 2023

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ بطور کپتان مجھ پر اب ذمہ داری ہے کہ ٹیم کو آگے لے کر چلنا ہے۔ پلان میں بہت کچھ ہے، آنے والے دنوں میں لڑکیوں کےلیے بہت کرکٹ ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ندا ڈار نے کہا کہ اچھی چیز ہے کہ ایمرجنگ پلیئرز تیار ہو رہے ہیں، بیک اپ تیار ہو رہا ہے۔ پی سی بی سینئرز اور جونیئرز کو ساتھ لے کر چل رہا ہے، شروع سے یہ ہی خواہش تھی کہ لڑکیوں کا پول بڑھایا جائے، کافی پرجوش ہوں کہ لڑکیوں کا پلیئرز پول بڑھ رہا ہے۔

ندا ڈار نے مزید کہا کہ جو کام ہو رہا ہے امید ہے اس کے بہتر نتائج موصول ہوں گے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نمائشی میچز میں نوجوان پلیئرز کو بہت سیکھنے کو ملا تھا، ہم سب کی اولین ترجیح ہے کہ پاکستان کو ٹاپ ٹیم بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پلان میں بہت کچھ ہے، آنے والے دنوں میں لڑکیوں کےلیے بہت کرکٹ ہے، ایمرجنگ اور انڈر19 کے پلیئرز پر نظر ہے۔ وہ آگے آ سکتی ہیں۔ ہمارے لیے جتنی مشکل ہوگی، اتنا ہی ہمارے لیے بہتر ہوگا۔

ندا ڈار نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دور میں دس، پندرہ لڑکیاں ہوتی تھی، مشکل سے 30 پلیئرز پورے ہوتے تھے، آج پوری دنیا میں ویمن کرکٹ کا ٹریند بدل چکا ہے جو کافی حوصلہ افزا بات ہے، پاکستان میں ایسے علاقوں سے بھی لڑکیاں آرہی ہیں جہاں سے سوچا بھی نہ تھا۔

قومی ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ہمیں اچھی ٹیموں سے مقابلوں کا تجربہ کم ہے، وقت کے ساتھ ساتھ چیزیں اور بہتر ہوں گی۔