• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی معیاری گیند بازی کے سامنے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر ریت کی دیوار ثابت ہوئے، صرف 4 کھلاڑی ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے۔

عماد وسیم 56، بین ڈوارشوئس31 اور محمد شہزاد 24 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد عامر نے 3، محمد وسیم، ابرار احمد نے 2،2 کھلاڑیوں پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کے سنچری میکر رائیلی روسو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے اگلے مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایک میچ باقی ہے، اسے اگلے مرحلے تک رسائی کےلیے اسے لازمی جیتنا ہوگا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ یہ میچ کراچی کنگز کے خلاف 10 مئی کو راولپنڈی میں کھیلے گی، کراچی کنگز کے بھی 10 پوائنٹس ہیں لیکن اس کے 2 میچز باقی ہیں۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 264 رنز کا ہدف دیا ہے، میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے 2 سنچریاں اسکور کی گئیں، جن کی بدولت اس نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ پر 263 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے پہلے رائلی روسو نے 44 گیندوں پر سنچری اسکور کی، وہ 46 گیندوں پر 104 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

انہوں نے اسلام آباد کی بولنگ لائن کے خلاف 6 چھکے اور 14 چوکے لگائے، یہ ان کی پی ایس ایل میں تیسری سنچری تھی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہی حسن نواز نے 45 گیندوں پر تیزی کے ساتھ 100 رنز اسکور کیے اور وہ ناقابل شکست رہے۔

حسن نواز نے 9 چھکے اور 4 چوکے لگائے، انہوں نے رائیلی روسو کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ پر 134 رنز کی شراکت قائم کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دیگر 2 آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان سعود شکیل 23 اور فن ایلن 5 رنز شامل تھے جبکہ حسن نواز کے ساتھ ناقابل شکست لوٹنے والے دوسرے بیٹر مارک چیپمن تھے، جنہوں نے 13 رنز اسکور کیے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عماد وسیم اور نسیم شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایک بیٹر رن آؤٹ ہوا۔

یاد رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے سلمان علی آغا کر رہے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سعود شکیل کے سپرد تھی۔

پی ایس ایل 10 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا یہ نواں، نواں میچ ہےاور میچ کی فاتح ٹیم یقینی طور پر پہلی پوزیشن اپنے نام کرلے گی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے آخری 5 میچز میں کوئی بھی نہیں ہارا ہے، 4 میں اسے فتح ملی تو ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا، یہ ٹیم 11پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 میں 2 میں فتح سمیٹی جبکہ اسے 3 میچز میں لگاتار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، یہ ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل پر دوسرے نمبر براجمان ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید