یورپ میں مقیم پاکستانیوں کے اہل خانہ کو یورپ لانے پر کام شروع

June 05, 2023

یورپی ممالک میں مقیم وہ پاکستانی جن کے بچے پاکستان میں ہیں ان کو گروپ فیملی قانون کے تحت ان ممالک میں لانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بات پاکستان مسلم لیگ (ق) اٹلی کے چیف آرگنائزر چوہدری آفتاب نے پاکستان روانگی سے قبل جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاکستان میں اٹلی کے سفیر اندریاس فیراریسے پہلے ہی اہم کردار سر انجام دے رہے ہیں۔

چوہدری آفتاب کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق یورپ کے صدر سید خرم رضا کاظمی کی قیادت میں پہلا کام یورپ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے بچوں کو لانا ہے۔

دوسری بڑی ترجیح یورپی ممالک اور پاکستان کے درمیان خوش گوار ماحول پیدا کرنا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے یورپی سرمایہ داروں اور کاروباری شخصیات کو آمادہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے کہ عوامی سطح پر بھی تعلقات کو وسعت مل سکے اور یورپی ممالک خصوصی طور پر اٹلی میں سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحوں کے وفد کا تبادلہ کیا جائے۔ دونوں ملکوں کے مابین کاروباری تعلقات سمیت مشترکہ مفادات کے منصوبے بھی آئندہ کے تعلقات میں مزید فروغ حاصل کریں گے۔

چوہدری آفتاب کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے موجودہ اٹلی کے سفیر اندریاس فیراریسے ایسی شخصیت اور خصوصیات کے مالک ہیں جو ان پہلوں پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

چوہدری آفتاب کا کہنا ہے کہ اٹلی یورپی یونین کا اہم ملک ہے اور اٹلی نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک ہفتے کے دورے کے دوران مختلف لوگوں سے ملاقات کروں گا اور جلد ہی روم میں سید خرم رضا کاظمی کی سربراہی میں ہم یورپ بھر کے لوگوں کا کنونشن کریں گے تاکہ یورپی ممالک کے حکمرانوں کو یہاں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا جاسکے اور ان کے حل میں مکمل تعاون حاصل کیا جاسکے۔