بنیادی مراکز صحت میں سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ڈی سی کوئٹہ

June 08, 2023

کوئٹہ(خ ن)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ای پی آئی کا ماہانہ جائزہ اجلاس ہوا جس میں ڈی ایچ او کوئٹہ ڈاکٹر نور بخش،ڈپٹی ڈی ایچ او کوئٹہ ظفر اقبال سمیت پی پی ایچ ائی،ای پی آئی،ڈبلیو ایچ او، این اسٹاپ اور دیگر اداروں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ای پی آئی کی موجودہ صورتحال اور دی جانے والی طبی سہولیات و ویکسینیشن کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔اجلاس میں عوام سے ویکسینیشن کے حوالے سے بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی جبکہ اجلاس میں کوئٹہ کے تمام بی ایچ اوز کی رپورٹ پیش کی گئی۔عوام اور خصوصاً والدین کو ویکسینیشن وقت پر کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے کہاکہ بنیادی مراکز صحت عوام کو ان کی دہلیز پر صحت سے متعلقہ سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔جہاں پر عوام کو مفت علاج ومعالجہ سمیت ادویات کی فراہمی بھی جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں عوام کو بنیادی مراکز صحت میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی سے شہر کے بڑے ہسپتالوں پر دباؤ اور رش میں کمی ہوگی۔بنیادی مرکز صحت میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی موجودگی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے جبکہ بچوں اور خواتین کو بروقت ویکسینیشن کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی صحت سے متعلقہ مسائل حل ہوسکیں۔انہوں نے کہاکہ ویکسینیشن میں غفلت برتنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔