امریکی وزیرِ خارجہ کا پاکستانی حکمرانوں سے تعلقات میں توازن پر زور

June 09, 2023

فائل فوٹو

امریکا کے وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستانی حکمرانوں سے تعلقات میں توازن پر زور دیا ہے۔

انٹونی بلنکن نے 60 سے زائد امریکی قانون سازوں کے خط کا جواب دے دیا جس میں انہوں نے انسانی حقوق اور جمہوریت پر سمجھوتا کیے بغیر پاکستانی حکمرانوں سے متوازن خوشگوار تعلقات پر زور دیا ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے پاکستان میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور روابط کے ساتھ آزادی اظہارِ رائے اور سیاسی شمولیت پر اہم خدشات بھی اجاگر کیے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہری حقوق کا احترام کرنے والا خوشحال جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے، امریکی محکمہ خارجہ حکومتِ پاکستان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے قریبی روابط برقرار رکھتا ہے۔

انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی سب کے لیے یکساں رکھنے کی حمایت کرتے ہیں، امریکا جلد ختم نہ ہونے والے کسی تنازع میں فریق نہیں بننا چاہتا۔

واضح رہے کہ 60 سے زائد امریکی قانون سازوں نے انٹونی بلنکن کو 16 مئی کو خط بھیجا تھا جس میں پاکستان میں جمہوریت اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا تھا۔