5 ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہوگا، مریم اورنگزیب

June 09, 2023

فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 5 ای فریم ورک پاکستان میں معاشی ترقی کا گیم چینجر ثابت ہوگا۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایکسپورٹس، ای پاکستان، واٹر اینڈ فوڈ سیکیورٹی، انوائرمنٹ، انرجی اور ایکویٹی ٹرن آ راؤنڈ پاکستان کے ستون ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس فریم ورک سے برآمدات میں اضافے کے لیے نئے کاروبار اور روزگار کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ تعلیم، صحت کے فروغ اور آبادی پر کنٹرول سے پاکستان کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سستی اور بلا تعطل توانائی کی فراہمی سے معیشت و کاروبار میں نئی تیزی آئے گی، آبی ذخائر اور غذائی تحفظ کے ذریعے ماحول بہتر بنایا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ای پاکستان کے ذریعے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع دیں گے اور انہیں با اختیار بنائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی کے لحاظ سے فسکل خسارے کا 4.9 فیصد سے کم ہو کر 4.6 فیصد پر آنا کامیابی ہے، یہ حکومت کی درست معاشی پالیسی کا مثبت نتیجہ ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 76 فیصد کمی درست معاشی پالیسی کی علامت ہے۔