آدھا بجٹ قرضوں پر سود دینے میں خرچ ہوگا

June 09, 2023

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مالی سال 24-2023 کے لیے 14 ہزار 460 ارب کا بجٹ پیش کردیا، آدھا بجٹ قرضوں پر سود دینے میں خرچ ہوگا۔

اسحاق ڈار نے اگلے مالی سال کے لیے خسارے کا بجٹ پیش کر دیا، مالی سال 24-2023 کے بجٹ کے مطابق آمدنی 12 ہزار 163 ارب روپے اور خرچہ 14 ہزار 460 ارب روپے ہے۔

اس طرح قرضوں پر سود ادا کرنے میں سات ہزار 303 ارب روپے یعنی آدھا بجٹ خرچ ہوجائے گا۔

بجٹ میں دفاع کیلئے 18 سو 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صوبوں کو ایک ہزار 464 ارب روپے کی رقم ٹرانسفر کی جائے گی، بجٹ میں پینشن پر 761 ارب روپے خرچ ہوجائیں گے۔

وفاقی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 950 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، بیرون ملک سے 25 سو 27 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔

قومی بچت اسکیموں اور دیگر نان بینکنگ ذرائع سے 1906 ارب روپے حاصل کیے جائیں گے، ملکی بینکوں سے تین ہزار 124 ارب روپے قرضہ لیا جائے گا۔

قومی اداروں کی نج کاری اگلے سال بھی تعطل کا شکار رہے گی، اس سے آمدنی کا ہدف صرف 15 ارب روپے رکھا گیا ہے۔