اسلام آباد / واشنگٹن (جنگ نیوز)دو امریکی عہدیداروں نے تصدیق کردی ہے کہ پاکستان نے چینی ساختہ طیاروں سے 2انڈین فوجی جہاز مار گرائے ۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کارروائی میں امریکی ساختہ لڑاکا طیارے ایف سولہ استعمال نہیں ہوئے ، واقعہ بیجنگ کے لڑاکا طیاروں کےلیے بڑاسنگ میل ہے اور اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ چین کا دفاعی نظام مغربی معیار کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوچکا ۔ ادھر سابق امریکی دفاعی اہلکار کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ محض دو ممالک کا تنازع نہیں بلکہ مستقبل کی جنگوں میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کا عملی تجربہ ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان نے بھارت کے جودو طیارے مارگرائےاگرچہ بھارت ان کی تصدیق سے گریزاں ہے مگردو امریکی اہلکاروں نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا ہے کہ گرنے والے طیاروں میں سے کم از کم ایک فرانسیسی ساختہ رفال طیارہ ہے اورجس طیارے سے نشانہ بنایا گیا ہے وہ چینی ساختہ جے 10لڑاکا طیار ہ ہے، پاکستان نےF-16 طیارے استعمال نہیں کیے۔ یہ واقعہ بیجنگ کے جدید لڑاکا طیارے کی کارکردگی کے لیے ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ایک امریکی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ "پاکستان نے چینی ساختہ J-10لڑاکا طیارے کے ذریعے فضائی لڑائی میں بھارتی طیاروں پر فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغے، جس کے نتیجے میں کم از کم دو طیارے مار گرائے گئے۔" دوسرے اہلکار نے تصدیق کی کہ ان میں سے ایک طیارہ فرانسیسی ساختہ رافیل (Rafale) تھا۔