بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عیدِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر تمام مسلمانوں کے نام مبارک باد کا پیغام جاری کر کے سب کو حیران کر دیا۔
اپنے ملک میں مسلمانوں کے لیے زمین تنگ کرنے والے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے 12 ربیع الاوّل کے موقع پر معاشرے میں امن و امان کی خواہش ظاہر کی اور تمام مسلمانوں کو آخری پیغمبر ﷺ کی ولادت کی مبارک باد پیش کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پڑوسی ملک کے وزیرِ اعظم نے مسلمانوں کے نام یہ پیغام شیئر کیا ہے۔
انہوں نے ولادتِ نبیِ آخری الزماں محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ’میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم مبارک ہو‘۔
انہوں نے معاشرے میں امن و امان کی دعا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ہمارے معاشرے میں بھائی چارے اور احسان کا جذبہ مزید فروغ پائے، سب خوش اور سلامت رہیں، عید مبارک‘۔
خیال رہے کہ حال ہی میں کینیڈا میں ہونے والے خالصتانی رہنما کے قتل کے باعث بھارت ان دنوں عالمی طاقتوں کی دباؤ میں ہے۔