رشمیکا مندانا کے ڈائیلاگ پر تنازع، فلم ساز کی لب کشائی

November 29, 2023

نئی فلم اینیمل کے ٹریلر میں اداکارہ رشمیکا مندانا کے مخصوص سین پر کھڑے ہونے والے تنازع پر فلم ساز سندیپ ریڈی وانگا نے لب کشائی کردی۔

بھارتی میڈیا کو اپنے ایک انٹرویو کے دوران سندیپ ریڈی وانگا کا کہنا تھا کہ میں جانتا تھا کہ اس طرح کے تسلسل سے ناظرین کی جانب سے شدید ردِ عمل آئے گا۔

خیال رہے کہ رنبیر کپور اور بوبی دیول کی نئی بالی ووڈ فلم اینیمل کے ٹریلر میں اداکارہ رشمیکا مندانا کے ڈائیلاگ پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

ٹریلر کو تو خوب پسند کیا گیا لیکن اس کے ایک سیگمنٹ کو شدید تنقید کا نشانا بھی بنایا گیا تھا۔

فلم کے ٹریلر میں اداکارہ رشمیکا مندانا کے ڈائیلاگ کو لے کر سوشل میڈیا صارفین ناپسندیدگی کا اظہار کرتے نظر آئے اور کہا کہ ’آخر کس طرح ہدایتکار نے اس ڈائیلاگ کو ٹریلر میں جانے کی اجازت دی؟‘

تاہم اب اس پر لب کشائی کرتے ہوئے اس فلم کے ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا نے کہا کہ رشمیکا کو اسی انداز میں گفتگو کرنی تھی کیونکہ یہ انتہائی جذباتی منظر تھا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ میں جانتا تھا کہ مخصوص طبقے کی جانب سے شدید ردِ عمل آئے گا۔ میں سمجھ سکتا ہوں کہ جب کوئی مخصوص طرح سے جذبات کو محسوس کر رہا ہوتا ہے وہ شخص بولتا ہے۔

سندیپ وانگا نے کہا کہ صرف ٹریلر کی حد تک اس سے متعلق مختلف آراء جنم لے سکتی ہیں، تاہم جب اس سین کو فلم میں مکمل دیکھا جائے گا تو یہ زیادہ بامعنی نظر آئے گا۔