مشہور پاکستانی بلاگر بلال حسن نے سوشل میڈیا پر انمول پنکی کیس سے متعلق ایک نئی بحث چھیڑ دی۔
بلال حسن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے پاکستانی پروڈکشن ہاؤسز، ڈائیریکٹرز کو انمول پنکی کیس پر ڈرامہ بنانے کا مشورہ دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ ڈائریکٹرز اور اسکرپٹ رائٹرز انمول پنکی کیس پر ڈرامہ بنانے کی تیاری شروع کر چکے ہوں گے، تو اس کیس پر ڈرامہ بنائیں، ضرور بنائیں اور براہِ کرم ڈرامہ جلدی بنائیں، اس سے پہلے کہ بالی ووڈ اس کیس پر کوئی فلم بنا لے۔
بلال حسن نے کہا ہے کہ ڈرامے میں انمول پنکی کا کردار ادا کرنے کے لیے صبا قمر کو کاسٹ کریں، اس کردار کو صبا قمر سے بہتر انداز میں کوئی اور اداکارہ ادا نہیں کر سکتی۔
انمول پنکی کے کردار کے لیے صبا قمر کو کاسٹ کرنے کی یہ تجویز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بھی بلال حسن کی اس رائے سے اتفاق کرتے نظر آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ صبا قمر نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2004ء میں پی ٹی وی سے کیا اور پھر داستان، ماں، چیخ اور باغی جیسے ڈراموں کے ذریعے شہرت حاصل کی۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے اداکارہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے اُنہیں 2 اعلیٰ ترین سول ایوارڈز سے بھی نوازا ہے۔
صبا قمر کو 2012ء میں تمغۂ امتیاز اور 2016ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔