بالی ووڈ اداکار ورون دھون ان دنوں اپنی نئی فلم کی تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جس میں وہ ساتھی اداکاراؤں مرونال ٹھاکر اور پوجا ہیگڑے کے ساتھ اسکرین شیئر کر رہے ہیں۔
مہم کے سلسلے میں ورون اور مرونال حال ہی میں لکھنؤ کے فینکس مال پہنچے، جہاں ان کے مداحوں کا زبردست ہجوم اکھٹا ہو گیا۔ جس کی وجہ سے کچھ مداحوں کو مایوسی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
تقریب کے بعد ایک خاتون مداح نے انسٹاگرام کا رخ کیا اور اسٹار سے بات چیت نہ ہو پانے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ جہاں عوام تقریباً پانچ گھنٹے تک انتظار کرتی رہی، وہیں ورون اسٹیج پر صرف چند لمحوں کے لیے ہی آئے۔
مداح نے اپنی سوشل میڈیا اپ ڈیٹ میں لکھا کہ ہم نے 5 گھنٹے انتظار کیا اور وہ صرف 5 منٹ کے لیے آئے۔
جلد ہی یہ ویڈیو خود ورون دھون کی نظروں سے گزری۔ دلبرداشتہ مداح کی پوسٹ دیکھنے کے بعد ورون نے بالکل وقت ضائع نہیں کیا اور کمنٹس میں ذاتی طور پر ان سے رابطہ کیا اور وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ معذرت، میں آٹوگراف نہیں دے سکا، پولیس کی وجہ سے ہمیں تھوڑا جلدی نکلنا پڑا تھا۔
اس کمنٹ کے بعد اداکار نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری پر بھی ایک ویڈیو شیئر کی تاکہ اس بھاری ہجوم کے حوالے سے بات کر سکیں۔ ویڈیو میں دھون نے کہا کہ مداحوں کے اس زبردست رش کو دیکھنے کے بعد وہ یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اگلی بار جب وہ لکھنؤ آئیں گے تو کسی بہت بڑے مقام کا انتخاب کریں گے اور وہاں کے انتظامات بھی کہیں بہتر ہوں گے تاکہ اس قسم کے مسائل سے بچا جا سکے۔