زخمی شاداب خان کو پیٹھ پر گراؤنڈ سے باہر لے جانے پر پی سی بی ناخوش

December 05, 2023

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) زخمی شاداب خان کو ساتھی کرکٹر کی پیٹھ پر گراؤنڈ سے باہر لے جانے پر ناخوش ہوگیا۔

کراچی میں نیشنل ٹی20 میچ میں فیلڈنگ کے دوران شاداب خان کا پاؤں مڑ گیا تھا، جس کے بعد انہیں پیٹھ پر بٹھاکر گراؤنڈ سے باہر لے جانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اس بات پر ناراض ہے کہ زخمی کھلاڑی کو اسٹریچر کے بجائے ساتھی کرکٹر کندھے پر کیوں لے کر گئے؟ جبکہ تمام میڈیکل سہولتیں موجود تھیں۔

پی سی بی راولپنڈی کی ٹیم مینجمنٹ سے ناخوش ہے کہ جب اسٹیڈیم میں تمام سہولتیں موجود ہیں تو ایسا کیوں کیا؟

پی سی بی نے انکوائری کے بعد ٹیم منجمنٹ کو شوکاز نوٹس دینے پر غور کیا۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر 2 روز قبل راولپنڈی اور سیالکوٹ کے درمیان میچ ہوا، اس دوران شاداب خان زخمی ہوگئے، انہیں باؤنڈری لائن سے ساتھی کھلاڑی پیٹھ پر بیٹھا کر ڈریسنگ روم لے گئے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے انکوائری شروع کردی ہے کہ گراؤنڈ میں اسٹریچر سمیت میڈیکل کی تمام سہولتیں موجود تھیں پھر شاداب خان کو کمر پر لاد کر گراؤنڈ سے باہر کیوں لے جایا گیا، یہ عمل جگ ہنسائی کا باعث بنا۔