ترک صدر نے غزہ میں بفرزون کے قیام کا اسرائیلی منصوبہ مسترد کر دیا

December 06, 2023

فائل فوٹو۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کے غزہ میں بفرزون کے قیام کا منصوبہ مسترد کر دیا اور کہا کہ اسرائیل نے ترکیہ میں حماس کے ارکان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

قطر سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ غزہ کےلیے اسرائیلی بفر زون منصوبے پر بحث کرنا بھی فلسطینیوں کی بے عزتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حماس اپنی سرزمین کے تحفظ کےلیے لڑنے والا مزاحمتی گروپ ہے، غزہ کے مستقبل کا فیصلہ فلسطینی ہی کریں گے۔

انہوں نے کہا اسرائیل کو مقبوضہ علاقے واپس کرنا ہوں گے، مغربی ممالک کی اسرائیل کی حمایت خطے کی موجودہ صورت حال کا سبب بنی۔

سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت پر ان کا کہنا تھا کہ سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی توثیق پارلیمنٹ میں جمع کر کے اپنا کردار ادا کر دیا ہے، اب ترکیہ کو ایف 16طیاروں کی فروخت پر امریکی کانگریس سے بیک وقت اقدامات کی توقع ہے۔