کیا ڈنکی کو پروموشن کی ضرورت ہے ؟ مداح کے سوال پر شاہ رخ کا دلچسپ جواب

December 06, 2023

بالی ووڈ کے کنگ خان، شاہ رخ خان نے اپنی نئی فلم ’ڈنکی‘ کی پروموشن سے متعلق مداح کے سوال کا دلچسپ انداز میں جواب دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ نے سوشل میڈیا پر ’آسک ایس آر کے‘ کے عنوان سے اپنے مداحوں سے گپ شپ کی۔

راج کمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ڈنکی 21 دسمبر کو ریلیز ہورہی ہے، جس میں شاہ رخ خان، تاپسی پنوں، وکی کوشل اور دیگر اداکار پرفارم کررہے ہیں۔

فلم کی ریلیز قریب آرہی، اسی مناسبت سے مداح نے شاہ رخ خان سے اُن کی نئی فلم کی پروموشن اسٹریٹجی سے متعلق پوچھ لیا کہ’سر کیا ڈنکی کو پروموشن کی ضرورت پڑسکتی ہے؟‘

اس پر بالی ووڈ کے بادشاہ نے ڈنکی ٹریلر کے ہیش ٹیگ کے ساتھ جواب دیا کہ میری ہر فلم کو آپ کے پیار کی ضرورت ہے، پروموشن کی نہیں۔

دوان گفتگو شاہ رخ خان سے ایک مداح نے استفسار کیا کہ ’ڈنکی‘ کا مطلب کیا ہے؟ اس پر بالی ووڈ کے کنگ خان نے جواب دیا کہ ڈنکی دراصل گدھے کی بغیر اجازت سرحدوں کے سفر کو کہتے ہیں، اسے پنجابی انداز میں ڈنکی کہیں گے۔

شاہ رخ کی رواں برس دو فلمیں پٹھان اور جوان ریلیز ہوئیں اور دونوں ہی باکس آفس پر زبردست بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔

شاہ رخ خان جنہوں نے بالی ووڈ فلم پٹھان سے دوبارہ انٹری ماری ہے، نے اپنی فلموں کی پروموشنل حکمت عملی تبدیل کردی ہے، جسے انہوں نے جوان اور اب ڈنکی کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔

بالی ووڈ کے بادشاہ نے آخری بار فلم کی ریلیز سے قبل میڈیا سے گفتگو 2018ء میں فلم زیرو کےلیے کی تھی، انہوں نے اس کے بعد پٹھان اور جوان کےلیے جو حکمت عملی بنائی وہی فلم ڈنکی کےلیے بھی جاری رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے فلم پٹھان کی ریلیز کے بعد ہی میڈیا سے گفتگو کی، یہی کام انہوں نے جوان کےلیے اپنایا اور اب ڈنکی لےلیے یہی حکمت عملی زیر عمل ہے، جو کام کررہی ہے۔

فلمی تجزیہ کار کے مطابق میڈیا جو فلم کی ریلیز سے قبل ہی اس کے متعلق غیر ذمے دارانہ رویہ اپنالیا کرتا تھا، اب وہ پہلے فلم دیکھے اور پھر شاہ رخ خان سے سوال کرے، اس حکمت عملی موثر انداز میں کام کیا ہے۔