سعودی عرب کے علاقے نجران میں ممکنہ خطرہ ٹل گیا، سول ڈیفنس نے شہریوں اور رہائشیوں کو ہدایات پر عمل جاری رکھنے کی تاکید کر دی۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق نجران میں خطرہ اب ختم ہو گیا ہے، شہری اور رہائشی اپنی حفاظت کے لیے جاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی صورت اجتماع یا خطرے کی جگہ کی ویڈیو بنانے سے گریز کریں۔
اس سے قبل نجران میں قومی ہنگامی ابتدائی انتباہی پلیٹ فارم کے ذریعے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
یہ صورتِ حال مملکت اور حوثیوں کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں پیش آئی ہے۔
سول ڈیفنس نے ہنگامی صورتِ حال کے دوران پرسکون رہنے اور عمارت کے اندر محفوظ مقام یا کھڑکیوں سے دور کسی اندرونی کمرے میں منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی، خطرہ ختم ہونے کی تصدیق تک محفوظ مقام سے باہر نہ نکلنے پر بھی زور دیا گیا تھا۔
شہریوں کو کھلے مقامات، شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہنے جبکہ باہر موجود افراد کو قریبی عمارت میں پناہ لینے یا کسی مضبوط رکاوٹ کے پیچھے محفوظ ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
سول ڈیفنس کے مطابق ہنگامی صورتِ حال میں خطرے کی اطلاع ملنے پر شہری اجتماع اور ویڈیو بنانے سے مکمل طور پر گریز کریں۔
سڑک پر موجود ڈرائیورز کو انتباہ موصول ہونے کی صورت میں پلوں اور بلند عمارتوں سے دور سڑک کے کنارے گاڑی روکنے کی ہدایت کی گئی۔
حکام کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں ہنگامی صورتِ حال کی صورت میں 911 جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں 998 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔