ابرار احمد دائیں پیر میں تکلیف کے باعث ان فِٹ

December 08, 2023

ابرار احمد---- فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے اپنے دائیں پیر میں تکلیف کی شکایت کی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ابرار احمد کو تکلیف پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے دن 8 اوورز کرانے کے بعد ہوئی جس کے سبب انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔

پی سی بی کے مطابق 25 سالہ ابرار احمد کو ایم آر آئی اسکین کے لیے بھیجا گیا اور میڈیکل پینل کی جانب سے ایم آر آئی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ان کے بارے میں مزید معلومات سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

ابرار احمد نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف اب تک 27 اوورز کیے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ چار روزہ میچ ٹیسٹ سیریز کی تیاری کا حصہ ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر سے 7 جنوری تک کھیلی جائے گی۔